گزشتہ چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ نے پانچویں سیڈ آسٹریا کے ڈومینک تھیم کے سخت چیلنج پر پانچ سیٹ کے میراتھن مقابلے میں اتوار کو 6-4، 4-6، 2-6، 6-3، 6- 4 سے قابو پاتے ہوئے آٹھویں بار سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کا خطاب جیت لیا۔
جوکووچ کا یہ 17 واں گرینڈ سلیم خطاب ہے اور اس خطاب کے ساتھ وہ عالمی رینکنگ میں دوبارہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بن گئے ہیں ۔
دوسری سیڈ جوکووچ نے تین گھنٹے 59 منٹ تک چلے مقابلے میں تھیم کو پہلی بار گرینڈ سلیم خطاب جیتنے سے محروم کر دیا۔
گرینڈ سلیم خطابات کی آل ٹائم فہرست میں اسپین کے رافیل نڈال (19) اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر (20) ان سے آگے ہیں۔
پیر کو جاری ہونے والی نئی رینکنگ میں جوکووچ دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیں گے۔
جوکووچ آٹھویں مرتبہ اسٹریلين اوپن چمپئین پانچ سیٹ کے میراتھن مین کے نام سے مشہور جوکووچ نے میچ میں پہلا سیٹ جیتا لیکن پھر اگلے دو سیٹ تھیم سے گنوا بیٹھے۔
اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ تھیم الٹ پھیر کر جائیں گے اور اپنا پہلا گرینڈ سلیم خطاب جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔
تھیم نے كوارٹر فائنل میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال کو شکست دی تھی۔26 سالہ تھیم کا یہ پہلا آسٹریلین اوپن فائنل اور تیسرا گرینڈ سلیم فائنل تھا۔
وہ اس سے پہلے 2018 اور 2019 میں فرانسیسی اوپن کے فائنل میں نڈال سے ہارے تھے اور میلبورن میں ان کا خواب جوکووچ نے چکنا چور کر دیا تھا ۔
جوکووچ کا اس سیزن میں 13-0 کا میچ ریکارڈ ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ میں جو کامیابی حاصل کی تھی وہ ان کے کیریئر کی 900 ویں فتح تھی۔
جوکووچ آٹھویں مرتبہ اسٹریلين اوپن چمپئین اس خطابی جیت کے ساتھ انہوں نے 26 گرینڈ سلیم فائنل میں اپنا ریکارڈ 17-9 کر لیا ہے۔ تھیم کے پاس اس مقابلے میں خطاب جیتنے اور کیریئر کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر جانے کا مکمل موقع تھا لیکن 32 سالہ جوکووچ کے خلاف وہ کیریئر کے 11 ویں مقابلے میں ہار گئے۔
جوکووچ نے اب تھیم کے خلاف 7-4 کا ریکارڈ کر لیا ہے۔جوکووچ کا پیر سے نمبر ایک درجہ بندی پر 276 واں ہفتے شروع ہوگا۔ ان سے آگے اس معاملے میں امریکہ کے پیٹ سمپراس (286 ہفتے) اور فیڈرر (310 ہفتے ) ہیں ۔