نئی دہلی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے اپنے تمغے گنگا میں بہانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ آج شام ہریدوار جا رہے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور برجرنگ پونیا نے کہا کہ وہ ہریدوار جا رہے ہیں اور شام 6 بجے وہاں گنگا میں یہ تمغے پیش کریں گے۔ پونیا نے کہا کہ ہم نے یہ تمغے بہت محنت کے ساتھ حاصل کیے ہیں اور جس پاکیزگی کے ساتھ یہ حاصل کیے ہیں، ہم انہیں اسی پاکیزگی کے ساتھ گنگا میں پھینکیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان احتجاجی پہلوانوں نے کہا کہ جس دن پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح ہوا اس دن ہمارے ساتھ کیا ہوا، پورے ملک نے دیکھا۔ ہمیں مارا گیا، گھسیٹا گیا، مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہاں تک ایکشن نہیں لیا بلکہ جس جگہ ہم پرامن احتجاج کر رہے تھے وہاں سے ہمارا خیمہ ہٹا دیا، ساتھ ہی ہمارے تمام ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔