نئی دہلی: ٹیم انڈیا کو اگست کے مہینے میں آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹیوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔ بی سی سی آئی نے اس سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان 31 جولائی (پیر) کو کیا۔ ٹیم کی کپتانی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے ہاتھ میں ہوگی۔ دورہ آئرلینڈ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو پانچ دنوں کے اندر آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ (18، 20 اور 23 اگست) کھیلنا ہیں۔ یہ تینوں میچ ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔
دورہ آئرلینڈ کے لیے ہندوستانی اسکواڈ: جسپریت بمراہ (کپتان)، رتوراج گائیکواڑ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، تلک ورما، رنکو سنگھ، سنجو سیمسن (وکٹ)، جیتیش شرما (وکٹ)، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، شہباز احمد، روی بشنوئی، مشہور کرشنا، ارشدیپ سنگھ، مکیش کمار، اویش خان۔
ہاردک پانڈیا، باقاعدہ کپتان روہت شرما، رویندرا جدیجا، ویرات کوہلی جیسے سینئر کھلاڑیوں کو اس دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انہیں اگست ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے پیش نظر آرام دیا گیا ہے۔ ٹیم کی نائب کپتانی ریتوراج گائیکواڑ کے ہاتھ میں ہوگی۔ ٹیم میں ان کھلاڑیوں پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے جنہوں نے چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں شرکت کرنی ہے۔ ریتوراج گائیکواڑ کو ایشین گیمز میں ٹیم کی کپتانی کرنی ہے۔