نئی دہلی:یورپ کے دورے پر ہندوستانی ٹیم کو بیلجیئم کے خلاف ایک جیت اور ایک ہار کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ گریٹ برٹین سے ایک میچ ہارنے کے بعد اس نے اگلے میچ میں برطانیہ کو شکست دی تھی۔ ہرمن پریت کی ٹیم نے ارجنٹینا کے خلاف دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسے نیدرلینڈ کے خلاف دو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ کے لندن اور نیدرلینڈ کے آئنڈھوون میں ملے جلے تجربے پر ہرمن پریت نے کہا کہ مجموعی طور پر ہمارا دورہ اچھا رہا۔ غیر ملکی سرزمین پر بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے اور میرے مطابق ہم توقعات پر پورا اترے۔
انہوں نے کہا، ’’یورپ میں ہونے والے میچوں سے بہت سی چیزیں ملیں۔ ہم نے ٹچ لائن کے قریب سے بہت گول ہونے دئے۔ اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ڈی میں اپنے بنائے ہوئے مواقع کا بھی استعمال کرنا ہوگا۔ سرفہرست یورپی ٹیموں کے خلاف کھیلتے ہوئے ہمیشہ اچھا تجربہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔ اب ہم ایشین چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز میں ٹاپ ایشین ٹیموں کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
ہندوستانی ٹیم نے نو تعینات کوچ کریگ فلٹن کی قیادت میں پہلی بار کھیلتے ہوئے اپنی پرو لیگ مہم کا اختتام 16 میچوں میں 30 پوائنٹس کے ساتھ کیا۔ ٹیم فی الحال وقفے پر ہے اور تربیتی کیمپ دوبارہ شروع ہونے پر ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی 2023 کی تیاری کرے گی۔