بھونیشور:دو بار کی عالمی چیمپئن جرمنی نے جمعہ کو سنسنی خیز سیمی فائنل میں تین بار کے چیمپئن آسٹریلیا کو 4-3 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ کلنگا اسٹیڈیم میں ایک دم توڑ دینے والے مقابلے میں آسٹریلیا کے لیے جیریمی ہیورڈ (11ویں)، نیتھن فرومس (26ویں) اور بلیک گوورز (57ویں) میں گول کیا۔ فاتح ٹیم کے لیے گونزالو پیلیٹ (42ویں، 51ویں، 58ویں منٹ) نے تین گول کیے جبکہ نکلاس ویلن نے 60ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کر کے جرمنی کو 13 سال بعد فائنل میں پہنچا دیا۔ ورلڈ کپ کی سب سے کامیاب ٹیم آسٹریلیا نے اپنی ساکھ کے مطابق میچ کا مضبوط آغاز کیا اور پہلے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا۔
دس منٹ بعد ہیورڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے کنگاروں کو ابتدائی برتری دلادی۔ جرمنی نے دوسرے کوارٹر میں دو پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن وہ آسٹریلیائی دفاع کو نہ توڑ سکا۔ دوسری جانب نیتھن نے 26ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے آسٹریلیا کی برتری کو دگنا کر دیا۔ میچ کے 40ویں منٹ تک جرمنی 2-0 سے پیچھے تھا لیکن اس کے بعد اس کی جارحانہ شکل دیکھنے کو ملی۔ 42ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گونزالو نے جرمنی کا کھاتہ کھول دیا۔ جرمن ٹیم نے اگلے دو منٹ میں تین پنالٹی کارنر حاصل کیے تاہم ان پر گول کرنے میں ناکام رہی۔