ممبئی: انگلینڈ کے198 رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کو پہلا جھٹکا تیسرے اوور میں اسمرتی مندھانا کی صورت میں لگا جو چھ رن بنا کر سیور کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔ جمائمہ روڈریگز چار رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور 11ویں اوور میں 26 رن بنا کر ایکلسٹن کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔ ریچا گھوش پانچویں وکٹ کے طور پر 21 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، انہیں گلین نے کیپسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
17ویں اوور کی دوسری گیند پر اوپنر شیفالی ورما 42 گیندوں میں 52 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ انہوں نے اپنی اننگز میں نو چوکے لگائے۔ ایکلسٹن نے انہیں گلین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ کنیکا آہوجا نے 15 رنز بنائے۔ پوجا وستراکر 11 رن بناکر اور دیپتی شرما تین رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 159 رن ہی بنا سکی۔
انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکلسٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ نیٹلی سیور برنٹ، فرییا کیمپ اور سارہ گلین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ڈینیئل وائٹ 75 رن اور نٹالی سیور برنٹ 77 رن کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 197 رن کا مشکل اسکور بنایا۔