لندن: انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے چار میچوں کی ون ڈے سیریز اور ہندوستان میں اکتوبر-نومبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے منتخب ٹیم میں بین اسٹوکس کو شامل کیا ہے۔
انگلینڈ کے چیف سلیکٹر لیوک رائٹ نے بدھ کو اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا،”بین اسٹوکس کی میچ جیتنے کی صلاحیت اور قائدانہ خصوصیات کے ساتھ ان کی واپسی صرف ہمارے مضبوط اسکواڈ میں اضافہ کرتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ تمام مداح اسے دوبارہ انگلینڈ کی ون ڈے شرٹ پہنتے ہوئے دیکھ کر خوش ہوں گے۔“
انہوں نے کہا، ”اگربڑے مواقع کے لیے کوئی کھلاڑی ہے تو وہ بین اسٹوکس ہے۔ انگلینڈ کے لیے ان کی واپسی سے بہتر کیا ہو سکتا ہے۔وہ بڑے مواقع کو پسندکرتے ہیں۔ ان کی واپسی ہمارے کھلاڑیوں کو تقویت دے گی۔“
قابل ذکر ہے کہ اسٹوکس نے جولائی 2022 میں کام کے بوجھ کے انتظام کا حوالہ دیتے ہوئے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، حالانکہ انگلینڈ کی ٹیم مینجمنٹ نے حال ہی میں انہیں ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان لے جانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ دی ٹیلی گراف کی جانب سے پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دفاعی عالمی چیمپئن انگلینڈ کے محدود اوورز کے کپتان جوس بٹلرسوال کرتے ہیں تو 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اسٹوکس کو ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔
اسٹوکس کی واپسی کے ساتھ ہی نوجوان بلے باز ہیری بروک انگلینڈ کے ون ڈے سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ای سی بی نے کہا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو صرف نیوزی لینڈ سیریز کے لیے منتخب ٹیم ہی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے ہندوستان آئے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے مطابق کرکٹ بورڈز پانچ ستمبر تک ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کر سکتے ہیں جب کہ ان ٹیموں کو 28 ستمبر تک تبدیل کیا جا سکتا ہے۔