ہاکی انڈیا نے اپنے سرکاری ٹویٹر ہینڈل کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'تین بار کے اولمپک طلائی تمغہ فاتح اور پدم شری ایورڈ یافتہ بلبیر سنگھ سینیئر کے انتقال پر ان کے خاندان، دوستوں اور شائقین کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
ہاکی انڈیا نے مزید لکھا کہ 'سابق بھارتی ہاکی کپتان، پدم شری ایورڈی اور اولمپک فائنل میں ذاتی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ ایک لیجنڈ ہی کر سکتا ہے۔ آپ ہمیشہ ہماری یادوں میں رہیں گے۔
ہاکی انڈیا نے ٹوئٹر پر بلبیر سنگھ کی کچھ پرانی تصاویر بھی شئیر کیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ٹیم انڈیا کے چیف کوچ روی شاستری نے ہاکی لیجنڈ بلبیر سنگھ کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تین بار کے اولمپک طلائی تمغہ یافتہ بلبیر کا طویل علالت کے بعد پیر کی صبح موہالی میں انتقال ہو گیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا کہ 'بلبیر سنگھ ہاکی لیجنڈ تھے۔ ان کے انتقال پر میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ وراٹ کوہلی نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'ہاکی لیجنڈ بلبیر سنگھ کے انتقال سے دکھی ہوں۔ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے اہل خانہ کے تئیں میں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔