بھارتی تاریخ کے کامیاب ترین فٹبال کلبوں میں سے ایک محمڈن اسپورٹنگ کو سات برسوں بعد آئی لیگ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
محمڈن اسپورٹنگ کلب اس سے قبل 14-2013 سیزن میں آئی لیگ میں آخری مرتبہ کھیلی تھی۔
ان سات برسوں کے دوران کئی مرتبہ سیاہ سفید جرسی والی فٹبال ٹیم محمڈن اسپورٹنگ کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری مرحلے سے باہر ہونا پڑتا تھا لیکن اس مرتبہ اس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے گروپ میں غیر مفتوح رہی۔
سالٹ لیک اسٹیڈیم میں آئی لیگ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ محمڈن اسپورٹنگ کو مہمان ٹیم بنگلور یونائٹیڈ کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔
محمڈن اسپورٹنگ ٹیم جارحانہ انداز میں کھیل کی شروعات کرنے کے باوجود حریف ٹیم کی دفاعی دیوار میں شگاف ڈالنے میں ناکام رہی جبکہ بنگلور یونائٹیڈ کی جانب سے بھی چند عمدہ اسٹرائیکس دیکھنے کو ملے لیکن وہ بھی سبقت حاصل کرنے میں ناکام رہی حالنکہ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا دونوں جانب سے پے در پے حملے ہوئے۔
کھیل کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان برتری کی جنگ جاری رہی لیکن کسی کو گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی اور میچ 0-0 سے ڈرا ہوگیا۔
اس ڈرا کے ساتھ ہی محمڈن اسپورٹنگ چار میچوں میں تین جیت اور ایک ڈرا کی بدولت 10 پوائنٹ کے ساتھ گروپ چیمپئین کی حیثیت سے آئی لیگ میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس کے علاوہ بھوانی پور ایف سی چار میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ بنگلور 5 پوائنٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی۔