سعودی عرب خواتین فٹبال ٹیم کو امید ہے کہ وہ ملک کی پہلی خواتین فٹبال لیگ میں سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
سعودی عرب کی پہلی ویمن فٹ بال لیگ کی کھلاڑی مریم الانگاری کا کہنا ہے کہ انہیں میدان میں گیند کو گھمانا اور اس کو کک لگانا ایک خواب جیسا ہے۔ یہ خواتین نئی تشکیل پانے والی فٹ بال ٹیم کا حصہ ہیں، جو حکومت کی جانب سے 17 نومبر کو خواتین کے لیے شوقیہ لیگ کے قیام کی اجازت کے بعد قائم کی گئی ہے۔
مریم الانگاری نے مزید کہا کہ 'مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ میں بیرون ملک میں کھیلتی تھی لیکن اب خدا کا شکر ہے کہ میں اپنے ملک میں کھیل سکتی ہوں، اگر اللہ کی مرضی ہوئی تو مجھے پیشہ ور کھلاڑی بننے کا موقع ملے گا'۔
سعودی عرب کی پہلی ویمن فٹبال لیگ نومبر میں ابتدائی طور پر کورونا وائرس کے سبب ملتوی ہونے کے بعد باضابطہ طور پر شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کا شیڈول جاری
ایسٹرن فلیمز ایف سی کے کوچ مرم البطیری نے کہا کہ 'ہم انہیں تربیت دیتے ہیں اور ان کی مہارت کو مختلف طریقوں سے جانچتے ہیں جس میں مجموعی طور پر فٹنس، فٹ بال کی مہارتیں اور دیگر امور شامل ہیں۔ امید ہے کہ ہم انھیں پیشہ ور کھلاڑی بننے میں مدد فراہم کریں گے'۔