رونالڈو اس مرتبہ یورو کپ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرسکتے ہیں۔ ان کے پاس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بننے کا موقع ہے۔ پرتگال کی ٹیم اس میں دفاعی چیمپئن کے طور پر اترے گی ۔
رونالڈو کرسٹیانو ان 17 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے چار مرتبہ یہ ٹورنامنٹ کھیلا ہے۔ اس میں لوتھر میتھہاس اور پیٹر شمائیکل جیسے بڑے کھلاڑی شامل ہیں۔ حالانکہ وہ ہنگری کے خلاف میدان پر اترتے ہی پانچ بار یہ ٹورنامنٹ کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
سنہ 2016 میں گیارہ کھلاڑی ایسے تھے جو چوتھی مرتبہ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے تھے لیکن ان میں سے صرف رونالڈو ہی واحد ایسے کھلاڑی ہیں جو اس سال بھی یورو کپ کھیل رہے ہیں۔ بقیہ دس کھلاڑیوں میں سے کچھ نے ریٹائرمنٹ لے لیا اور کچھ چوٹ کی وجہ سے شامل نہیں ہوئے۔
رونالڈو نے 2004 یورو کپ میں پرتگال کی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا گول بھی کیا تھا۔ تب سے اب تک وہ چار یورو کپ میں 21 میچوں میں 9 گولز کرچکے ہیں۔ ان کے علاوہ فرانس کے سابق کھلاڑی مائکل پلاتینی کے 9 گولز ہیں۔ ہنگری کے خلاف ان کے پاس شاندار موقع ہے اور ایک گول کرتے ہی رونالڈو اس ٹورنامنٹ کے چوٹی کے گول کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔