کولمبو:پاکستان کے فاسٹ بالر نسیم شاہ اتوار اور پیر کو کھیلے گئے ہند-پاک میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ ٹیم کے بالنگ کوچ مورنے مورکل نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف’ 'کرو یا مرو‘ میچ سے قبل نسیم کے آؤٹ ہونے کو پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی جگہ آنے والا کھلاڑی اپنا کردار صحیح طریقے سے ادا کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نسیم بھارت کے خلاف میچ میں دائیں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے۔ ڈاکٹر ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آئندہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ اس میچ میں حارث رؤف کے بازو میں بھی تکلیف ہوئی تھی لیکن اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔