لندن: بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ آج یعنی 7 جون سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ دلچسپ مقابلہ انگلینڈ کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جانا ہے۔ یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے سے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کی نظریں پہلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹائٹل پر ہیں۔ ایسے میں اس میچ میں کئی ریکارڈ بھی بننے جا رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا کی کپتانی روہت شرما کر رہے ہیں جب کہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز آسٹریلیا کی کمان سنبھال رہے ہیں۔ اس سے قبل ڈبلیو ٹی سی کے پہلے ایڈیشن کا فائنل میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے ٹرافی پر قبضہ کیا تھا۔
شائقین یہ میچ کیسے، کب اور کہاں دیکھ سکتے ہیں؟ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ براڈکاسٹرز کی فہرست کے مطابق یہ میچ بھارت میں اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک اور ڈی ڈی اسپورٹس پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار ایپ پر میچ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر نشر کیا جائے گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل میچ ریڈیو پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ میچ کی کمنٹری برطانیہ میں بی بی سی ریڈیو 5 لائیو سپورٹس ایکسٹرا پر سنی جا سکتی ہے۔ بھارت میں پچھلی بار کی طرح اس بار بھی میچ کی ریڈیو پر کمنٹری آل انڈیا ریڈیو پر کی جا سکتی ہے۔