ویسٹ انڈیز اور بھارت کے مابین احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم Narendra Modi Stadium میں تین یک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 6 فروری کو ہوگا۔ اس کے بعد کولکاتا کے ایڈن کارڈن میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ٹویٹ پر اطلاع دی کہ بارباڈوس سے دو دن کے طویل سفر کے بعد ویسٹ انڈیز ٹیم بحفاظت بھارت پہنچ گئی ہے اور 6 فروری سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے۔
ونڈیز کرکٹ نے احمد آباد ہوائی اڈے پر پہنچنے والے کھلاڑیوں کی ویڈیو بھی پوسٹ کی۔
تین یک روزی میچوں کی میزبانی کرنے والا گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن Gujarat Cricket Association پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ موجودہ کووڈ 19 صورتحال کی وجہ سے میچ بند دروازوں میں کھیلے جائیں گے یعنی دوران میچ اسٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ٹی 20 میچوں کے لیے مغربی بنگال حکومت نے اسٹیڈیم میں گنجائش کے 75 فیصد ناظرین کو داخلے کی اجازت دی ہے۔
تین ٹی 20 میچز 16، 18 اور 20 فروری کو کولکاتہ کے ایڈن کارڈن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے جبکہ تین یک روزہ میچ 6، 9 اور 11 فروری کو احمد آباد میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے حال ہی میں ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ کو شکست دی ہے۔