رانچی:بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ رانچی کے جے ایس سی اے اسٹیڈیم میں 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور اس کے لیے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کوئی بھی قابل اعتراض اشیاء ساتھ نہ لائیں، ایسا کرنے پر انہیں اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں ڈراپ گیٹ سے واپس لوٹناہوگا۔ security arrangements ahead of match Ind vs SA
رانچی کے ڈپٹی کمشنر راہل کمار سنہا نے آج کہا کہ انتظامی ٹیم میچ کے دوران جے ایس سی اے ٹیم کے ساتھ تال میل میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور بیٹھنے کے انتظامات سے متعلق کسی بھی معاملے میں پہلا ردعمل جے ایس سی اے ٹیم کی جانب سے ہوگا جس کے بعد انتظامی ٹیم صورتحال کے مطابق کام کرے گی۔
رانچی کے ایس ایس پی کشور کوشل نے کہا کہ تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقت پر اپنے کام کی جگہ پر پہنچ جائیں اور تال میل کے ساتھ اپنی ڈیوٹی فوری طور پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص غیر مجاز طور پر اسٹیڈیم میں داخل نہ ہو اور اپنے ساتھ کوئی قابل اعتراض چیز نہ لے جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں بوتلیں، کیمرے، تھیلے،بیگ، لائٹر، ماچس یا کوئی اور قابل اعتراض اشیاء لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔