گیلونگ: نیدرلینڈ نے جنید صدیقی (24/3) کی شاندار گیند بازی کے باوجود ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے گروپ اے کے اپنے میچ میں اتوار کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ یو اے ای نے نیدرلینڈ کے سامنے 112 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ہالینڈ نے ایک گیند رہتے حاصل کر لیا۔
نیدرلینڈز 13 اوورز میں 76/4 کے اسکور کے ساتھ آسانی سے ہدف کا تعاقب کر رہا تھا لیکن جنید نے 14ویں اوور میں ٹام کوپر اور وین ڈیر مروے کو آؤٹ کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ ظہور خان نے 19ویں اوور میں ٹم پرنگل (15) کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد ڈچ ٹیم کو آخری اوور میں چھ رنز درکار تھے۔ لوگن وین بیک اور اسکاٹ ایڈورڈز نے یہ رن پانچ گیندوں میں بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ان کی اننگز کبھی بھی رفتار نہیں پکڑ سکی۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد وسیم نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے لیکن اس کے لیے 47 گیندیں کھیلیں۔ اس کے علاوہ وریتیا اروند نے 21 گیندوں میں 18 رنز بنائے جبکہ کاشف داؤد نے 15 (14) رنز بنائے۔