ریسی وان ڈیر ڈوسین (ناٹ آؤٹ 94) اور ایڈن مارکرم (ناٹ آؤٹ 52) کی شاندار نصف سنچری اور ان کے بیچ 52 گیندوں پر 103 رن کی ناٹ آوٹ شراکت اور تیزگیندباز کیگیسو ربادا کی ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے گروپ ایک مقابلے میں ہفتہ کے روز 10 رن سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد بھی جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکا۔ اس گروپ سے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے پہلے اور دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں پر 189 رنز کا بڑا اسکور بنایا لیکن اس کے گیند بازوں کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے انگلینڈ کو 131 رنز پر روکنا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔
انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے برابر آٹھ پوائنٹس رہے لیکن نیٹ رن ریٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم شکست کھا گئی اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔
وان ڈیر ڈوسین کو ان کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ پلیئر آف دی میچ وان ڈیر ڈوسین نے 60 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 94 رنز کی اپنی شاندار اننگز میں پانچ چوکے اور چھ چھکا لگایا جبکہ مارکرم نے 25 گیندوں پرناٹ آوٹ 52 رنز میں دو چوکے اور چار چھکے لگائے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے صرف 52 گیندوں میں 103 رنز کی زبردست شراکت داری کی۔
وان ڈیر ڈوسین نے کسی جنوبی افریقی بلے باز کی طرف سے عالمی کپ میں سب سے بڑا سکور بنایا۔ سلامی بلے باز ریزا ہینڈرکس نے دو رن بناکر اور کوئنٹن ڈی کاک27 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 34 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔