جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں پانچ یک روزہ میچوں کی سیریز 3-1 سے ہارچکی میزبان ٹیم بھارت بدھ کو سیریز کے آخری مقابلے میں ساکھ بچانے کے لئے جیت درج کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
اٹل بہاری واجپئی اکانہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ سے اچھی طرح واقف ہوچکی دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ون ڈے دلچسپ ہوسکتا ہے۔ اس میچ کے ذریعے جنوبی افریقہ جہاں اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے میزبان ٹیم کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی، وہیں بھارتی لڑکیاں میچ کو اپنے حق میں کرکے آئندہ ٹی-20 سیریز کے لئے خود کو تیارکرنے کی کوشش کریں گی۔
کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم گزشتہ ایک سال سے کرکٹ کے میدان سے دور رہی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کی لڑکیوں نے پاکستان کو شکست دے کر ہندوستانی سرزمین پر قدم رکھا تھا۔ اگلے سال نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کافی اہم مانی جارہی تھی۔ جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں کی سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔ وہیں ہندوستان نے دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز برابر کی تھی ۔ حالانکہ تیسرا اور چوتھا ون ڈے جیت کر مہمانوں نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔