سڈنی: جنوبی افریقہ نے رائلی روسو (109) کی شاندار سنچری کے بعد انرک نارکھیا(10 رن دے کر چار وکٹیں) اور تبریز شمسی (20 رن پر تین وکٹیں) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2022 میں 104 رن سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ نےسپر 12 مرحلے کے میچ میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 206 رن کا ہدف دیا۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 16.3 اوورز میں 101 رنز پرسمٹ گئی۔T20 World Cup
روسو نے کوئنٹن ڈی کاک (63) کے ساتھ 168 رن کی زبردست شراکت داری کی جس کی بدولت جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا سب سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ نارکھیا نے جنوبی افریقہ کی جیت پر مہر لگاتے ہوئے صرف 10 دے کر چار وکٹیں حاصل کیں ۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی نے تین جبکہ کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد یہ زبردست جیت ان کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے کپتان ٹیمبا باوما کا وکٹ دورنوں پر گنوادیا۔ اس کے بعد روسو اور ڈی کاک نے 168 رنز کی شراکت کرکے بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر پہنچا دیا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ ڈی کاک نے آؤٹ ہونے سے قبل 38 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ دوسری جانب روسو نے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے 56 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 107 رنوں کی اننگ کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی پہلی، جبکہ روسو کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں لگاتار دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے اندور میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سنچری بنائی تھی۔ وہ فرانس کے گستاو میکئون کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔