بھارتی کرکٹرز کو آج آئی پی ایل میں کروڑوں روپے ملتے ہیں جبکہ ان کی میچ فیس لاکھوں روپے ہے لیکن سنہ 1983 میں کپل دیو کی کپتانی میں پہلی بار یک روزہ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹرز کی میچ فیس 1500 روپے اور یومیہ بھتہ 200 روپے تھا۔
بھارت نے 25 جون 1983 کو اس وقت کی سب سے طاقتور کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا۔
اُسی سال 21 ستمبر کو بھارت نے دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف ڈے نائٹ نمائشی میچ کھیلا تھا۔ یہ میچ وزیراعظم ریلیف فنڈ کے لیے کھیلا گیا تھا جسے انڈیا الیون نے ایک وکٹ سے جیتا تھا۔ واضح رہے کہ یہ ان آفیشیل ون ڈے میچ تھا۔
اس میچ میں پاکستان نے 50 اوورز میں تین وکٹ کے نقصان پر 197 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے محسن خان نے 50 اور مدثر نذر نے 65 رنز بنائے۔ پاکستان کی اننگز میں میچ فلڈ لائٹ فیل ہونے کی وجہ سے میچ 50 اوور کا کر دیا گیا۔(اس وقت ون ڈے 60 اوورز میں کھیلا جاتا تھا)۔
ہدف کے تعاقب کرنے اتری بھارتی ٹیم صرف 101 رنز پر سات وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن کیرتی آزاد نے ناٹ آؤٹ 71 رنز اور مدن لال نے 35 رنز بنا کر ٹیم کو ایک وکٹ سے جیت دلائی تھی۔