بھارتی کپتان روہت شرما کی بدھ کی صبح کورونا رپورٹ ایک بار پھرمثبت آئی ہے، اس سے ایجبسٹن ٹیسٹ میں ان کے کھیلنے پر شکوک و شبہات برقرارہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام اور جمعرات کو صبح ان کا دو بار دوبارہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ہوگا، اس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان نہیں آیا ہے کہ روہت کی غیر موجودگی میں بھارت کا کپتان کون ہوگا۔ کے ایل راہل کے دورے سے باہر ہونے کے بعد کسی کو نائب کپتان نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ حالانکہ جسپریت بمراہ اس کے مضبوط دعویدار ہیں۔ اس سے قبل سری لنکا سیریز کے دوران بھی بمراہ کو نائب کپتان بنایا گیا تھا۔ بمراہ نے اب تک کبھی بھی پیشہ ورانہ کرکٹ میں کپتانی نہیں کی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ کپل دیو کے بعد ہندوستان کے کپتان بننے والے دوسرے خالص فاسٹ بولر ہوں گے۔
سری لنکا سیریز سے پہلے، بمراہ نے کہا تھا کہ وہ ٹیم کی قیادت کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کسی بھی حال میں موقع ملا تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہو گی اور میں پیچھے نہیں ہٹوں گا، مجھے جو بھی کردار ادا کرنے کے لیے کہا جائے گا 'میں اسے بھرپور طریقے سے ادا کروں گا۔ جب آپ ٹیم کے سینئر ممبرہوتے ہیں تو آپ ایک قائد بھی ہوتے ہیں۔ اس لئے یہ صرف ایک کردارہی ہوتاہے جو آپ کو باضابطہ طور پر ملتا ہے۔ ممبئی انڈینز میں ایک سینئر کھلاڑی کے طور پر، میں اپنے کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کی مدد کرتا ہوں، اس طرح آپ لیڈر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ میں صرف ذاتی اطمینان کے لیے کپتان نہیں بننا چاہتا۔'