ممبئی: گزشتہ 30 دسمبر کو کار حادثے کا شکار ہوئے بھارتی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے اس سال کرکٹ کے میدان سے دور رہنے کے آثار ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو نے ہفتے کو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پنت کے گھٹنے کے تینوں بڑے لیگامینٹ پھٹ چکے ہیں، جن میں سے دو کو حال ہی میں دوبارہ ٹھیک کیا گیا تھا جبکہ تیسرے کی چھ ہفتے بعد سرجری ہونے کی امید ہے۔ اس کے نتیجے میں پنت کو کم از کم چھ ماہ کے لیے کرکٹ سے کنارہ کشی کا خطرہ ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ اس سال اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونا ہے جس میں پنت کے سلیکشن کے لیے فٹ ہونے کے امکانات اس وقت بہت تاریک ہو گئے ہیں۔
واضح رہےکہ پنت، جو روڑکی میں اپنے خاندان سے ملنے جا رہے تھے، سڑک حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں ان کے دائیں گھٹنے کے لگامینٹ (وہ ریشے جو گوشت کو ہڈی سے جوڑتے ہیں) پھٹ گئے۔ پنت کو مقامی اسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد کچھ دنوں تک دہرادون کے میکس اسپتال میں رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد بی سی سی آئی کے حکم پر پنت کو دہرادون سے ممبئی لے جایا گیا جہاں ان کا علاج بورڈ کی طرف سے معاہدہ کرنے والے ماہر سرجن ڈاکٹر دنشا پردی والا کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
بی سی سی آئی نے حادثے اور سرجری کے بعد سے تین میڈیکل بلیٹن جاری کیے، جن میں سے ایک میں بتایا گیا کہ پنت کے دائیں ٹخنے میں بھی چوٹ آئی ہے۔
ڈاکٹروں نے ابھی تک پنت کے مکمل علاج کے لیے کوئی یقینی ٹائم فریم نہیں دیا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق بی سی سی آئی اور سلیکٹرز دونوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز کم از کم چھ ماہ کے لیے باہر رہیں گے۔ پنت نے آخری بار دسمبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارت کے لیے کھیلا تھا۔پنت کی غیر موجودگی میں سلیکٹرز نے سریکر بھرت اور ایشان کشن کو آسٹریلیا کے خلاف 9 فروری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے بطور وکٹ کیپر ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بھرت اور کشن اگلے ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھی وکٹ کیپر کا کردار ادا کریں گے۔
Pant Can Stay Away From Cricket رشبھ پنت پورے سال کرکٹ سے دور رہ سکتے ہیں
بی سی سی آئی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ رشبھ پنت کے گھٹنے کے تینوں بڑے لیگامینٹ پھٹ چکے ہیں، جن میں سے دو کو حال ہی میں دوبارہ ٹھیک کیا گیا تھا جبکہ تیسرے کی چھ ہفتے بعد سرجری ہونے کی امید ہے۔
Etv Bharat