حیدر آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کے ویزوں میں تاخیر پر باضابطہ احتجاج درج کرایا ہے۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے اپنے مداحوں کو ویزا نہ دینے کی بھارتی پالیسی پر بھی احتجاج درج کرایا ہے۔ واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف میچ میں صرف ایک یا دو پاکستانی شائقین موجود تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں پی سی بی نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی صحافیوں کے ویزوں میں تاخیر اور پاکستانی شائقین کے لیے ویزا پالیسی کی عدم موجودگی پر آئی سی سی سے ایک اور رسمی احتجاج درج کرایا ہے۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی اسکواڈ کو نشانہ بنانے والے بھارتی شائقین کے نامناسب رویے کے حوالے سے بھی آئی سی سی کو شکایت درج کرائی ہے۔