کولمبو:سری لنکا کے عظیم کرکٹر مرلی دھرن نے 90 کی دہائی میں حیران کن طور پر سرلنکن ٹیم میں اس وقت شمولیت حاصل کی جب ملک میں تمل قوم پرست اور سنہالی اکثریت کے درمیان خانہ جنگی جاری تھی۔
اس کے بعد مرلی دھرن کو اپنے کرئیر میں اپنی بولنگ کے ایکشن کی وجہ سے مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ اس دوران انھیں آسٹریلیا میں ‘چکنگ’ کرنے کی وجہ سے ان کی گیندوں کو نو بال قرار دیا گیا تھا۔لیکن ان رکاوٹوں کے باوجود وہ دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین بولرز میں سے ایک بن گئے، ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بھی ان ہی کے پاس ہے۔
متھیا مرلی دھرن آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہیں، مرلی دھرن کو کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین باؤلرز میں سے ایک کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جس نے 800 ٹیسٹ وکٹیں اور ون ڈے میں 530 سے زیادہ وکٹیں لینے کا شاندار کارنامہ انجام دیا۔
سابق آف اسپنر مرلی دھرن پر بننے والی اس فلم کا نام 800 ہے جو ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد بھی ہے۔متھیا مرلی دھرن کی بائیوپک 800 کا ٹریلر بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا کے ساتھ ممبئی میں جاری کیا۔
اب دنیا 800 کے عنوان سے آنے والی بائیوپک کا بے تابی سے انتظار کر رہی ہے، جو مرلی دھرن کی زندگی اور سفر پر روشنی ڈالے گی۔فلم کا ٹریلر متھیا مرلی دھرن کی نامعلوم کہانی سے شروع ہوتی ہے، فلم میں 1970 کی دہائی کے دوران سری لنکا میں ہونے والے واقعات کے فلیش بیک کو بھی دکھایا گیا، جب اقلیتی تاملوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو اس وقت کمیونٹی کو درپیش مشکلات کی عکاسی کرتی ہے۔