بیجنگ:عالمی شہرت یافتہ چیمپئن فٹبالر لیونل میسی نے بیجنگ میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا تیز ترین گول داغ دیا میچ دیکھنے والے چینی شائقین کا پیسہ وصول ہوگیا۔ غیر ملکی میڈیا 36 سال بعد ارجنٹینا کو فٹبال کا عالمی چیمپئن بنانے والے اسٹار فٹبالر لیونل میسی جو ان دنوں چین میں دوستانہ میچ کھیلنے کے لیے گئے ہیں وہاں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا تیز ترین گول داغ دیا۔
یہ تاریخی دوستانہ میچ آسٹریلیا اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا گیا جس میں چیمپئن کپتان میسی نے ابتدائی 80 سیکنڈ سے بھی پہلے گیند کو جال میں پہنچا دیا یوں وہ اپنے 16 سالہ کیریئر کا تیز ترین گول کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ میچ ارجنٹینا نے دو صفر سے جیت لیا۔ میچ دیکھنے والے چینی شائقین بھی میسی کی پھرتی دیکھ کر جھوم اٹھے اور کئی نے کہا کہ ان کا پیسہ وصول ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چین کے دورے کے دوران وہاں کے سیکویرٹی اہلکار نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو چند گھنٹوں کے لئے روک دیا۔اس واقعے کے بعد کھیل دنیا نے چین کی مذمت کی تھی۔ لیکن اس واقعے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی چینی انتظامیہ نے اس واقعے کو غلط فہمی قرار دیا تھا۔