انڈین پریمیئر لیگ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے ملی اطلاع کے مطابق لیگ کے بقیہ میچز جو 19 ستمبر سے یو اے ای میں ہونے والے ہیں، میں شائقین کی آمد متوقع ہے۔
گزشتہ دو سیزن سے بند اسٹیڈیم میں میچز ہونے کے بعد اب اسٹیڈیم میں تماشائی میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
آئی پی ایل کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل اب دوبارہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے منتظمین نے اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات میں اتوار سے دوبارہ شروع ہونے والے اس ٹی 20 لیگ کے دوران شائقین کی ایک محدود تعداد کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ بائیو ببل کے باوجو کورونا کے کیس کے بعد آئی پی ایل 14 کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ 4 مئی کو لیگ کی معطلی کے وقت مجموعی طور پر 29 میچ کھیلے جاچکے تھے۔ اب ٹورنامنٹ کے بقیہ میچ متحدہ عرب امارات کے تین اسٹیڈیمز میں کھیلے جانے ہیں۔
آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کا آغاز اتوار کو دبئی میں ممبئی انڈینز اور چنئی سُپر کنگز کے درمیان میچ سے ہوگا۔
آئی پی ایل نے بدھ کو اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ 'یہ میچ ایک اہم موقع ہوگا کیونکہ آئی پی ایل کووڈ 19 کی صورتحال کی وجہ سے مختصر وقفے کے بعد شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیمس میں خوش آمدید کہے گا۔
سنہ 2019 کے بعد پہلی بار آئی پی ایل شائقین کی موجودگی میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ برس لیگ متحدہ عرب امارات میں شائقین کے بغیر کھیلی گئی تھی جب کہ 2021 ایڈیشن کا پہلا نصف حصہ بھی سخت بائیو ببل میں کھیلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل 2021 نیلامی: جانیئے کس ٹیم نے کون سا کھلاڑی خریدا
اگرچہ لیگ کے منتظمین نے اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے تماشائیوں کی صحیح تعداد نہیں بتائی ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ ان کی حاضری اسٹیڈیم کی گنجائش کا 50 فیصد ہوگی۔
فی الحال دہلی کیپیٹلز ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ دہلی نے اب تک 8 میں سے 6 میچ جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ چنئی سُپر کنگز دوسرے اور رائل چیلنجرز بنگلور تیسرے نمبر پر ہے۔ ان دونوں ٹیموں نے اب تک سات میں سے پانچ میچ جیتے ہیں جب کہ دو میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔