نئی دہلی: رائل چیلنجرز بنگلور کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے ہفتہ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے 7000 رنز مکمل کر لیے۔ سال 2008 میں اپنے آئی پی ایل کیریئر کا آغاز کرنے والے وراٹ کوہلی دہلی کیپٹلز کے خلاف کھیلے گئے میچ کی پہلی اننگ میں 7000 رنز کا ہندسہ چھو کر ایسا کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ اس اننگ کے دوران انہوں نے دہلی کے خلاف آئی پی ایل کے 1000 رنز بھی مکمل کیے۔ کوہلی نے آئی پی ایل میں اب تک 225 اننگز میں 36.68 کی اوسط سے 7043 رنز بنائے ہیں۔ وہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں شکھر دھون (6536)، ڈیوڈ وارنر (6211) اور روہت شرما (6063) سے آگے ہیں۔ دہلی سے آنے والے کوہلی نے ہفتہ کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے 46 گیندوں میں 55 رنز کی اننگ کھیلی۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل 2023 کا 50واں میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی کیپٹلز کے درمیان کھیلا گا۔ اس میچ میں دہلی نے آر سی بی کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ آر سی بی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 181 رنز بنائے جواب میں دہلی کی ٹیم 16.4 اوورز میں 182 رنز کا ہدف مکمل کر لیا۔ دہلی کی جانب سے فلپ سالٹ نے سب سے زیادہ 87 رنز کی اننگ کھیلی۔ سالٹ کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پوائنٹس ٹیبل میں دہلی 9ویں نمبر جبکہ آر سی بی 5ویں نمبر پر ہے۔