آئی پی ایل نیلامی میں ممبئی انڈیئنز کی جانب سے ارجن تیندولکر کو ٹیم میں شامل کرنے کے بعد چہار جانب اس طرح کی باتیں ہونے لگی کہ سچن کا بیٹا ہونے کی وجہ سے ارجن کو خریدا گیا ہے۔
اس کے بعد بالی ووڈ اداکار فرحان اختر نے ٹویٹ کر کے کہا کہ 'میں ارجن تیندولکر کے بارے میں کچھ بتانا چاہتا ہوں۔ ہم ایک ہی جم میں کئی بار گئے ہیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر کتنی محنت کرتا ہے۔ ہمیشہ بہتر کرکٹر بننے کا خواب دیکھتا ہے۔ کسی نوجوان پر اقربا پروری کا الزام لگانا غلط ہے۔ اس کی صلاحیت اور شوق کا مرڈر مت کرو، اسے اُٹھنے سے قبل ہی مت دباؤ۔'
واضح رہے کہ ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر کے بیٹے ارجن تیندولکر کا نام آئی پی ایل نیلامی میں سب سے آخر میں آیا اور ہر کوئی یہ جاننے کے لیے بے قرار تھا کہ ارجن کو کون سی ٹیم خریدے گی؟ لیکن ممبئی انڈیئنز کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے انہیں خریدنے میں دلچسپی نہیں دکھائی اور ہر جانب ارجن تیندولکر کے بارے میں اقربا پروری کی باتیں ہونے لگیں۔
اس کے علاوہ ہر کوئی جاننا چاہتا تھا کہ ارجن کو آئی پی ایل کھیلنے کا موقع ملے گا یا نہیں؟ اور ممبئی انڈیئنز نے انہیں 20 لاکھ روپے کی بیس پرائز پر خرید لیا لیکن جیسے ہی وہ ممبئی انڈینز ٹیم کا حصہ بنے، ان پر اقربا پروری کے الزامات عائد ہونے لگے اور سوشل میڈیا پر ارجن کو ٹرول کیا جانے لگا۔
حالانکہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ پر سچن نے کسی طرح کا ردعمل نہیں دیا لیکن فرحان اختر، ارجن کی حمایت میں آئے اور کہا کہ ایک نوجوان ٹیلینٹ پر اقربا پروری کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ممبئی انڈیئنز کے ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم نے بہتر صلاحیت کی بنیاد پر ارجن تیندولکر کو ٹیم میں شامل کیا ہے نہ سچن تیندولکر کی وجہ سے۔
ممبئی انڈیئنز کے ڈائیریکٹر آف کرکٹ اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز گیند باز ظہیر خان نے بھی ارجن کی حمایت کی اور کہا کہ ارجن تیندولکر بہت ہی محنتی ہے، وہ بہت کچھ سیکھنا چاہتا ہے جبکہ اس کے اوپر سچن تیندوکر کا بیٹا ہونے کا بھی دباؤ رہے گا۔