جے پور:راجستھان رائلز اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان اتوار کو سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں وہ سب کچھ ہوا، جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے شائقین کرکٹ گراؤنڈ کا رخ کرتے ہیں۔ میچ کے آخری دو اوور راجستھان کے جوس بٹلر (95) اور سنجو سیمسن (ناٹ آؤٹ 66) کی آتشیں اننگز پر بھاری پڑے۔ راجستھان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دو وکٹ پر 214 رن کا مضبوط اسکور بنایا جس کے جواب میں حیدرآباد نے چھ وکٹ پر 217 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ اتار چڑھاؤ سے بھرے میچ میں تماشائی اپنی سانسیں روکے رہ گئے۔
یجویندر چہل نے 18ویں اوور میں راہل ترپاٹھی (47) اور ایڈم مارکم (6) کی وکٹیں لے کر میچ کا رخ تقریباً راجستھان کے حق میں کر دیا، لیکن کپتان سنجو سیمسن نے 19واں اوور کلدیپ یادو کو دیا جس پر گلین فلپس (25) نے تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر حیدرآباد کی واپسی کرادی، حالانکہ اسی اوور کی پانچویں گیند پر فلپس بھی آؤٹ ہو گئے۔ آخری اوور میں حیدرآباد کو جیت کے لیے 17 رن درکار تھے۔ نئے بلے بازوں کو سندیپ شرما کی پہلی دو گیندوں پر دو زندگی ملیں جب کہ آخری گیند پر حیدرآباد کو جیت کے لیے پانچ رن درکار تھے، لیکن عبدالصمد کیچ آؤٹ ہو گئے، لیکن یہ بال نو بال نکلی۔ اس کے بعد صمد نے چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو سنسنی خیز فتح دلا دی۔
حیدرآباد کے انمولپریت (33) کے آؤٹ ہونے کے بعد ابھیشیک شرما (55) اور راہل ترپاٹھی (47) کی اننگز سے مقابلہ برابری پر چل رہا تھا، لیکن یجویندر چہل (29 رن پر 4 وکٹ) نے ہنری کلاسن (26) کو آؤٹ کرکے راجستھان کے امکانات بڑھا دیا تھا لیکن آخری اتار چڑھاؤ سے بھرے دو اووروں نے میچ کو جوش و خروش کے عروج پر پہنچا دیا۔ اس سے پہلے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلہ کو صحیح ثابت کرتے ہوئے یشسوی جیسوال (35) اور بٹلر نے شاندار آغاز کیا اور پہلے پانچ اووروں میں 54 رن جوڑے، لیکن اس دوران یشسوی فاسٹ بولر میکرو جانسن کی سلو آف کٹر کی گیند پر گچا کھا گئے اور شارٹ تھرڈ مین پر کھڑے نٹراجن کو ایک آسان کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔