کولکتہ: کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے کپتان نتیش رانا (51) کے بعد آندرے رسل کی 42 رن کی شاندار اننگز کی بدولت پیر کو انڈین پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز میچ میں پنجاب کنگز کو چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ پنجاب نے شیکھر دھون (57) کی نصف سنچری کی مدد سے کے کے آر کے سامنے 180 رن کا ہدف رکھا۔ کے کے آر نے کرو یا مرو میچ میں آخری گیند پر یہ ہدف حاصل کیا۔ دھون نے 47 گیندوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنا کر پنجاب کو اچھی شروعات دلائی، جب کہ شاہ رخ خان اور ہرپریت برار نے آخری 16 گیندوں پر 40 رن کی شراکت قائم کر کے پنجاب کی اننگز کو دھماکہ خیز طریقے سے ختم کیا۔ کے کے آر کے کپتان نتیش نے 38 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رن بنائے، حالانکہ کے کے آر ان کی وکٹ گرنے کے بعد بھی ہدف سے بہت دور تھا۔ جب کے کے آر کو چار اووروں میں 51 رن درکار تھے، رسل نے رنکو سنگھ کے ساتھ مل کر ایڈن گارڈن میں درجہ حرارت بڑھا دیا۔
دونوں نے اگلے تین اووروں میں 45 رن جوڑے لیکن جب کے کے آر کو دو گیندوں پر دو رن درکار تھے تو رسل رن آؤٹ ہو گئے۔ آخری گیند پر دو رن بنانا رنکو کی ذمہ داری تھی اور انہوں نے چوکا لگا کر کے کے آر کو سنسنی خیز جیت دلائی۔ اس جیت کے بعد کے کے آر پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ پنجاب ایک مقام کھسک کر ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔ کے کے آر اور پنجاب سمیت کل ملاکر پانچ ٹیمیں 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ہیں اور پلے آف کے لیے جنگ دلچسپ ہوتی جارہی ہے۔ پنجاب نے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے پہلے دو اووروں میں سخت گیند بازی کی لیکن تیسرے اوور میں جیسن رائے نے دو چوکے لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ دوسرے اینڈ سے رحمان اللہ گرباز نے بھی چوتھے اوور میں ارشدیپ سنگھ کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر 19 رن بنائے۔ اس جارحانہ انداز کی مدد سے کے کے آر نے گرباز کی وکٹ گرنے کے باوجود پاور پلے میں 52 رن جوڑلئے۔
تاہم، رائے (24 گیندیں، 8 چوکے، 38 رن) پاور پلے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے اور کے کے آر نتیش رانا کی کوششوں کے باوجود مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہیں رکھ سکا۔ وینکٹیش آئیر (13 گیندوں، 11 رن) کچھ دیر جدوجہد کرنے کے بعد راہل چہار کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ بڑھتے ہوئے رن ریٹ کی وجہ سے نتیش بھی بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش میں چہار کا شکار ہو گئے۔ چہار نے سخت گیند بازی کی اور صرف 23 رن دے کر اپنے چار اوور کا اسپیل ختم کیا۔ کے کے آر کو آخری چار اووروں سے 51 رن درکار تھے، حالانکہ پنجاب کے تمام اسپنر اپنے اوور پھینک چکے تھے اور دھماکہ خیز رنکو-رسل جوڑی کریز پر موجود تھی۔ رسل نے 17ویں اوور میں ایلس کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا، جب کہ اگلے اوور میں ارشدیپ سنگھ نے صرف 10 رن دیے۔ رسل نے ایک بار پھر 19ویں اوور میں تین چھکے لگا کر میچ کا رخ کے کے آر کی طرف موڑ دیا۔