بنگلورو:رائل چیلنجرز بنگلور کے اوپنر وراٹ کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 میں ہفتہ کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس کے خلاف میچ کے دوران نصف سنچری بناکر ٹی 20 کرکٹ میں کسی ایک گراونڈ پر سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ کوہلی نے یہ ریکارڈ آر سی بی کے ہوم گراؤنڈ پر اپنی 25 ویں ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری بنا کر بنایا جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایلکس ہیلز کے نام تھا جنہوں نے ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں 24 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ آر سی بی کے سابق کپتان نے 33 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی، حالانکہ وہ 34 گیندوں پر 50 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
آئی پی ایل 2023 میں کوہلی نے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں تین میچوں میں تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف 44 گیندوں پر 61 رن بنانے سے پہلے ممبئی انڈینز کے خلاف ناٹ آوٹ 82 رن بناکر اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ کوہلی نے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں 22 نصف سنچریاں اور تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔ یہ مقام کوہلی کے لیے آئی پی ایل میں ایک یادگار میدان رہا ہے کیونکہ انھوں نے یہاں 2,539 رن بنائے ہیں، جن میں 19 نصف سنچریاں اور تین سنچریاں شامل ہیں۔ ٹی 20 انٹرنیشنل میں کوہلی بنگلورو میں پانچ میچوں میں صرف ایک نصف سنچری بنا سکے ہیں۔ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی 2011 کے دوران اس گراؤنڈ پر دو نصف سنچریاں اسکور کیں۔