ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پنجاب کنگس اور راجستھان رایلز کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلہ میں کپتان سنجو سیمسن کی 119 رنز کی بہترین اننگز کے باوجود راجستھان رائلز کو پیر کے روز پنجاب کنگز کے خلاف آئی پی ایل میچ میں چار رن سے قریبی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کپتان لوکیش راہل (91) اور دیپک ہڈا (64) کی خطرناک بلے بازی کی بدولت پنجاب کنگس نے راجستھان رائلس کے خلاف آئی پی ایل مقابلے میں پیر کے روز 20 اوور میں چھ وکٹ پر 221 رن کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ راجستھان نے سیمسن کی شاندار سنچری اننگز کی بدولت اس بڑے ہدف کا تعاقب کیا لیکن سیمسن آخری گیند پر چھکا اڑانے کی کوشش میں دیپک ہڈا کے ہاتھوں باؤنڈری پر آوٹ ہوگئے، اس طرح راجستھان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سیمسن نے اپنے پہلے ہی میچ میں بطور کپتان سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ بنایا لیکن وہ ٹیم کوجیت نہیں دلا سکے۔ سیمسن نے صرف 63 گیندوں پر 119 رنز میں 12 چوکے اور سات چھکے لگائے۔ سیمسن اننگز کی چوتھی ہی گیند پر بلے بازی کے لئے اترے اور آخری گیند پر پویلین لوٹے۔ آخری اوور میں راجستھان کو جیت کے لئے 13 رن کی ضرورت تھی لیکن ٹیم صرف چار رن سے ہدف سے دور رہ گئی۔
اس سے قبل جب راہل اپنی سنچری سے محض نو رنز دور تھے تو وہ باؤنڈری پر کھڑے راہل تیوتیا کے بہترین کیچ سے آؤٹ ہوگئے۔ چیتن سکاریا کی گیند پر تیوتیا نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لیا۔ پچھلے سیشن میں سب سے زیادہ رن بنانے والے راہل اس مرتبہ 50 گیندوں میں سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 91 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
چوتھے نمبر پر بلے بازی کیلئے آئے دیپک ہڈا نے صرف 28 گیندوں پر 64 رنز میں چار چوکے اور چھ چھکے لگائے۔ تیسرے نمبر پر پہنچنے والے کرس گیل نے 28 گیندوں میں 40 رنز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اوپنر میانک اگروال نے نو گیندوں پر 14 رنز میں دو چوکے لگائے۔