سورو گنگولی نے کہا کہ ٹورنامنٹ فی الحال طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔ اس وقت ٹورنامنٹ میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ متعینہ پروگرام کے مطابق ہی منعقد کیا جائے گا۔
'آئی پی ایل اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گا' - سورو گنگولی
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے کئی کھلاڑیوں کے دستبردار ہونے کے درمیان بی سی سی آئی صدر سورو گنگولی نے واضح طور پر کہا ہے کہ آئی پی ایل اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہے گا اور ٹورنامنٹ کو ملتوی نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی خاندانی یا ذاتی وجوہات کی وجہ سے آئی پی ایل چھوڑنا چاہتا ہے تو اس کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے تین کھلاڑی اینڈریو ٹائی، ایڈم زیمپا اور کین رچرڈسن نے بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے آئی پی ایل سے ہٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وطن واپسی کا ارادہ کیا ہے جبکہ لیام لنگوسٹون نے بائیو ببل تھکن کی وجہ سے آئی پی ایل چھوڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ تجربہ کار بھارتی اسپینر روی چندرن اشون خاندان میں کورونا کی پریشانی کے سبب آئی پی ایل سے دستبردار ہو چکے ہیں۔