چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو تین بار آئی پی ایل ک اخطاب دلانے والے مہندر سنگھ دھونی کے کھلاڑی دبئی میں کل سے شروع ہورہے آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں ممبئی انڈینز سے پچھلی شکست کا بدلہ لینے اتریں گے۔
چنئی کو پہلے مرحلے میں دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں یکم مئی کو کھیلے گئے ہائی اسکورنگ میچ میں ممبئی سے چار وکٹ سے شکست کاسامنا کرنا پڑا تھا۔ اس میچ میں چنئی نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 218 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ممبئی نے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کے 6 چوکوں اور 8 چھکوں سے سجی 34 گیندوں پر 87 رنوں کی بہترین اننگ کی بدولت میں 219 رن بناکر میچ جیت لیا تھا۔
چنئی کی بیٹنگ میچ میں تو مضبوط تھی لیکن اس کی گیندبازی میں دم نہیں دکھائی دیا تھا۔ اس سے سبق لیتے ہوئے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کل ہونے والے میچ میں چنئی کے گیند باز ممبئی کے بلے بازوں پر حاوی ہونا چاہیں گے۔
اس ایک میچ کے علاوہ دونوں ٹیموں کی اوور آل بلے بازی اور گیند بازی اچھی رہی ہے۔ چنئی کے فاف ڈو پلیسس سات میچوں میں 320 رنز کے ساتھ اس سیزن میں اب تک رنز بنانے کے معاملے تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ ممبئی کے کپتان روہت شرما سات میچوں میں 250 رنز کے ساتھ آٹھویں نمبر ہیں۔