دہلی کیپیٹلز نے ٹاس جیتنے کے بعد رائل چیلینجرز بنگلور کو بلے بازی کی دعوت دی تھی جس کے بعد بنگلور نے اے بی ڈی ویلیئرز کی ذمہ دارانہ نصف سنچری کی بدولت 171 رنز بنائے۔ ڈی ویلیئرز نے 42 گیندوں میں 75 رنوں کی اننگ کھیلی۔
بنگلور کی جانب سے رواں آئی پی ایل کی اب تک کی سب سے بہترین سلامی جوڑی وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے اننگ کا آغاز کیا لیکن اس میچ میں یہ جوڑی ناکام ہوگئی اور 30 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
کپتان وراٹ کوہلی نے 11 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 12 رنز جبکہ پڈیکل نے 14 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد تمام امیدیں گلین میکسویل اور اے بی ڈی ویلیئرز سے وابستہ تھیں۔ کریز پر آتے ہی میکسویل نے بڑے شاٹس لگانے شروع کئے لیکن تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 20 گیندوں میں ایک چوکا اور 2 چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔