بنگلورو: نوجوان باصلاحیت بلے باز شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 104) کی شاندار سنچری کی بدولت گجرات ٹائٹنز نے اتوار کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی پی ایل سے باہر کر دیا۔ وراٹ کوہلی (101 ناٹ آؤٹ) کی شاندار سنچری کی مدد سے آر سی بی نے گجرات کے سامنے 198 رنز کا ہدف رکھا۔ گجرات نے یہ ہدف 19.1 اوور میں حاصل کر لیا۔ کوہلی نے 61 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 101 رنز بنائے اور آئی پی ایل کی اپنی مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں (سات) بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس کے علاوہ وہ شیکھر دھون (2020) اور جوس بٹلر (2022) کے بعد مسلسل آئی پی ایل سنچریاں بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔ کوہلی کے جانشین کہلانے والے گل نے اپنی محنت رائیگاں نہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 104 رنز بنائے اور 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر فاتحانہ چھکا لگا کر گجرات کو ہدف تک پہنچا دیا۔
سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف پچھلے میچ میں 101 رنز بنانے کے بعد یہ گل کی آئی پی ایل کی مسلسل دوسری سنچری بھی تھی۔ آر سی بی (14 پوائنٹس) 14 میچوں میں سات جیت اور سات ہار کے ساتھ آئی پی ایل سے باہر ہو گیا، جبکہ ممبئی (16 پوائنٹس) اتوار کی سہ پہر کے میچ میں سن رائزرز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ قبل ازیں ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرتے ہوئے آر سی بی نے دھماکہ خیز آغاز کیا۔ کوہلی اور فاف ڈو پلیسس کی جوڑی ایک بار پھر پورے رنگ میں نظر آئی اور دونوں نے پاور پلے میں 62 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے رواں سیزن کی اپنی آٹھویں نصف سنچری شراکت داری کی۔ اس دوران اسپنرز بھی کوہلی کی رفتار پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے راشد خان اور نور احمد کے پہلے اوورز میں ایک ایک چوکا لگا کر اننگز کو آگے بڑھایا۔
گجرات کو میچ پر قبضہ جمانے کے لیے پاور پلے ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔ ساتویں اوور میں صرف پانچ رنز بنانے کے بعد ڈو پلیسس (19 گیندوں، 28 رنز) اپنے ہاتھ کھولنا چاہتے تھے اور آٹھویں اوور کی پہلی ہی گیند پر سلپ میں کھڑے راہل تیوتیا کو کیچ دے بیٹھے۔ گلین میکسویل نے اپنی اننگز کا آغاز ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر کیا لیکن راشد کے ہاتھوں بولڈ ہونے سے قبل وہ صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔ آر سی بی کے ٹاپ تھری بلے بازوں میں سے دو کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر کی کمزوریوں کا پردہ فاش ہوا۔ ڈو پلیسس کی وکٹ لینے والے نور احمد نے مہیپال لومرور کو بھی آؤٹ کیا۔ مائیکل بریسویل کو تین 13 گیندوں کے اندر تین وکٹیں گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا۔ انہوں نے کوہلی کے ساتھ 47 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے پانچ چوکوں کی مدد سے 16 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔