احمدآباد: چنئی سپر کنگز نے رویندر جڈیجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت گجرات ٹائٹنز کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل 2023 کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ سی ایس کے کو آخری دو گیندوں پر 10 رنز درکار تھے۔ رویندر جڈیجہ نے پانچویں گیند پر چھکا اور آخری گیند پر چوکا لگا کر سی ایس کے کو پانچویں بار آئی پی ایل چیمپئن بنایا۔ اس کے ساتھ ہی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے سب سے زیادہ آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کے معاملے میں روہت شرکا کی ممبئی انڈینس کی ٹیم کی برابری کرلی۔ دھونی اور روہت دونوں نے 5-5 آئی پی ایل ٹائٹل جیتے ہیں۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات نے 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 214 رنز بنائے تھے۔ سائی سدرشن نے 96 اور ریدھیمان ساہا نے 54 رنز بنائے۔
دوسری اننگز میں بارش شروع ہو گئی اور بارش نے ڈھائی گھنٹے کا کھیل خراب کر دیا۔ میچ 12.10 پر دوبارہ شروع ہوا۔ ڈک ورتھ لوئس کے تحت چنئی کو 15 اوور میں 171 رنز کا ہدف ملا۔ آخری اوور میں سی ایس کے کو جیت کے لیے 13 رنز درکار تھے۔ پہلی چار گیندوں پر تین رنز آئے۔ اس کے بعد چنئی کو آخری دو گیندوں پر 10 رنز درکار تھے۔ رویندر جڈیجہ اسٹرائک پر تھے۔ جڈیجہ نے پانچویں گیند پر چھکا لگایا اور آخری گیند پر چوکا لگا کر چنئی کو فتح دلائی۔ اس جیت کے ساتھ ہی چنئی نے ممبئی کے پانچ بار ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔