نئی دہلی: آئی پی ایل کی منی نیلامی میں 80 کھلاڑیوں جن میں سے 51 بھارتی اور 29 غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیموں نے اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ کچھ کھلاڑیوں کی نیلامی نے شائقین کرکٹ کو حیران کردیا، جب کہ 73 کھلاڑی فروخت نہ ہوسکے۔ اس بار نیلامی میں انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک کی بولی نے سب کو حیرت زدہ کیا۔ انہیں سن رائزرس حیدرآباد نے 13.25 کروڑ روپے میں خریدا۔ 23 سالہ انگلش بلے باز پاکستان سپر لیگ میں کھیل چکے ہیں۔ وہ لاہور قلندرز کے لیے کھیلتے ہیں اور 2023 میں پہلی بار آئی پی ایل کھیلیں گے۔ جب کہ سابق پنجاب کے کپتان میانک اگروال کو سنرائیزرز حیدرآباد نے سوا آٹھ کروڑ روپے میں خریدا۔ مجموعی طور پر آئی پی ایل منی نیلامی 2023 میں 80 کھلاڑی 167 کروڑ روپے میں فروخت ہوئے۔ IPL mini Auction 2023
اس طرح 29 سالہ بہار کے تیز گیند باز مکیش کمار کو دہلی کیپٹلس نے 5.5 کروڑ روپے میں خریدا۔ مکیش نے حال ہی میں انڈیا اے ٹیم کے لیے نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلی ہے۔ ستمبر 2022 میں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے بغیر آئی پی ایل کھیلے ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ مکیش کی گیند بازی کی لائن اور لینتھ عمدہ ہے۔ گذشتہ برس انہیں آر سی بی نے نیٹ باؤلر کے طور پر بلایا تھا، لیکن وہ کووڈ کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تھے۔
جموں و کشمیر کے بائیں ہاتھ کے بلے باز ویورانت شرما کو سن رائزرس حیدرآباد نے 2.60 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ویورانت نے لسٹ-اے کرکٹ کے 14 میچوں میں 39.92 کی اوسط سے 519 رنز بنائے ہیں۔ بلے بازی کے ساتھ ساتھ ویورانت بولنگ بھی کرتے ہیں۔ پچھلے سیزن میں، وہ سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم کے ساتھ نیٹ میں اسپن بولر کے طور پر منسلک تھے۔
آئرش فاسٹ بولر جوشوا لٹل (جوش لٹل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کو گجرات ٹائٹنز نے 4.4 کروڑ روپے میں خریدا۔ اس کے ساتھ ہی لٹل آئی پی ایل نیلامی میں منتخب ہونے والے پہلے آئرش کھلاڑی بن گئے۔ جوش لٹل نے حال ہی میں آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ورلڈ کپ کے 7 میچوں میں 7 کی اکانومی کے ساتھ رنز دے کر 11 وکٹیں حاصل کیں۔ جوشوا گزشتہ آئی پی ایل سیزن میں چنئی ٹیم میں نیٹ بولر تھے۔