آئی پی ایل 13 کا آخری لیگ میچ آج ممبئی انڈینز اور سن رائزرس حیدرآباد کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ جتنا حیدر آباد کے لیے اہم ہے اتنا ہی کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے لیے بھی، کیوں کہ حیدر آباد کی شکست کولکاتا کو پلے آف میں پہنچا سکتی ہے لیکن اگر سن رائیزرس حیدر آباد فتح حاصل کر لیتی ہے تو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا آئی پی ایل 2020 سفر ختم ہوجائے گا۔
ممبئی انڈینز ٹیم پہلے ہی پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔ وہ 18 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست ٹیم ہے۔ ممبئی انڈینز چاہے گی کہ وہ اپنی جیت کی مہم جاری رکھے۔
دوسری جانب سن رائیزرس حیدرآباد کے لیے آج کا میچ آر یا پار کی جنگ ہے اور ان کے لیے صرف اسی صورت میں پلے آف میں جانا ممکن ہوگا جب وہ جیت حاصل کرتی ہے لیکن آخر میں نیٹ رن ریٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ حیدرآباد کو اس میچ میں جیت کے ساتھ ساتھ اپنے رن ریٹ پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔
تین ٹیموں (چنئی سُپر کنگز، کنگز الیون پنجاب اور راجستھان رائلز) کا سفر آئی پی ایل میں ختم ہوگیا ہے۔ پنجاب چھٹے، چنئی ساتویں اور راجستھان آٹھویں نمبر پر ہے۔ تینوں ٹیموں نے 12–12 پوائنٹس حاصل کئے لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر ان کی جگہیں طے کی گئیں۔