آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم چنئی سُپر کنگز کےلیے رواں سیزن انتہائی مایوس کن رہا اور وہ اس لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آخری نمبر پر ہے، آج کے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو چنئی سے محتاط رہنا ہوگا کیوں کہ اس کی ایک بھی غلطی شکست کا سبب بن سکتی ہے اور اگر کولکاتا یہ میچ ہار جاتی ہے تو وہ پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر ہوجائے گی۔
دوسری جانب چنئی سُپر کنگز ان محض اپنی ساکھ بچانے کے لیے میدان پر اترے گی، چنئی کے پاس اب کھونے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے لیکن وہ دوسری ٹیموں کا کھیل بگاڑ سکتی ہے۔
آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز اس وقت 6 جیت اور 6 ہار کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور چنئی کے خلاف جیت اسے پلے آف کی دہلیز پر پہنچا دے گی۔ تاہم پلے آف کو یقینی بنانے کے لیے کولکاتا کو اپنے بقیہ دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔
کولکاتا کے دو میچ باقی ہیں جس میں وہ آج چنئی سُپر کنگز کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا آخری میچ راجستھان رائلز سے ہوگا۔ اگر کولکاتا نائٹ رائیڈرز ایک میں جیت اور ایک میں ہار جاتی ہے تو پھر اسے بقیہ ٹیموں کے نتائج اور رن ریٹ پر انحصار کرنا ہوگا۔
پلے آف کی دوڑ سے تقریباً باہر ہوچکی چنئی سُپر کنگز ٹیم مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں اب اپنے باقی دو میچوں میں دوسری ٹیموں کے کھیل کو خراب کرسکتی ہے، اس ٹیم نے اپنے پچھلے میچ میں وراٹ کوہلی کی کپتانی والی رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست دی تھی اور اب وہ کولکاتا کے لیے بھی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
گزشتہ برس کی رنر اپ چنئی سُپر کنگز اس سیزن میں ابھی تک 12 میچوں میں صرف چار میچ ہی جیت سکی ہے اور اسے 8 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اس طرح وہ پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر ہے۔