انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھارت کے دو ماہ طویل دورے پر ہے، جہاں وہ چننئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ بھارت نے میچ کی شروعات میں ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور اس کی پہلی وکٹ شوبھمن گِل کی صورت میں اس وقت صفر پر ہی گرگئی جب کہ دوسرا اوور ہی پھینکا جارہا تھا۔ بعد ازاں روہت شرما اور پجارا کے درمیان 85 رنز کی رفاقت ہوئی۔ 85 کے اسکور پر پجارا 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم بھارت کو بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب کپتان کوہلی ٹیم کے ایک رن کے اضافہ کے ساتھ صفر ہی آؤٹ ہوگئے انہیں معین علی نے بولڈ کردیا۔
پہلے سیشن میں لنچ کے وقفہ تک بھارت نے تین وکٹس پر 106 رنز بنالیے ہیں جب کہ روہت شرما 80 رنز کی تیز رفتار اننگ کھیلتے ہوئے کریز پر اب بھی موجود ہیں۔
آج کے میچ کی خاص بات جہاں ایک جانب انگلینڈ کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ جیمس اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اسٹیورٹ براڈ نے لی ہے۔ اس کے علاوہ معین علی اور بین فاکس کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ اولی اسٹون کو بھی جوفرا آرچر کے زخمی ہونے کی وجہ سے کھیلنے کا موقع ملا ہے۔