تیز گیند باز جسپریت بُمراہ اور محمد سمیع Bumrah and Shami کے تین تین وکٹ، محمد سراج اور آف اسپنر روی چندرن اشون کے دو دو وکٹ کی بدولت بھارت نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بشکریہ بی سی سی آئی ٹویٹر سنچورین میں اس جیت کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے تاریخ رقم کردی۔ وہ اس گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کو شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔
بھارت کے جنوبی افریقہ کو 305 رنوں کا دیا تھا اور میزبان ٹیم کے پاس ڈیڑھ دن کا وقت تھا لیکن وہ اس ہدف کو پانے میں ناکام ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹ پر 94 رن بنائے تھے اور اسے آخری دن 211 رنز مزید درکار تھے اور اس کی جیت آسان نظر آ رہی تھی لیکن آخری دن لنچ تک اس نے اپنا اسکور سات وکٹوں پر 182 رن تک پہنچا دیا اور لنچ کے فوراً بعد اس کی دوسری اننگ 191 رنز پر سمٹ گئی۔
بھارت کی جانب سے تیز گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں محمد شامی اور جسپرت بُمرا نے تین تین اور محمد سراج نے دو وکٹیں حاصل کی جبکہ روی چندرن اشون نے بھی دو بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ بھارت نے اپنی دوسری اننگ میں 174 رن بنائے اور میزبان ٹیم کے سامنے 305 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ بھارت نے پہلی اننگ میں 327 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کو 197 رن پر آؤٹ کرنے کے بعد پہلی اننگ میں 130 رن کی اہم سبقت حاصل کر لی تھی۔
میچ کے پانچویں دن گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بلے باز کپتان ڈین ایلگر نے اپنی اننگ کو 52 رن تک بڑھایا۔ ایلگر نے کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 36 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ خطرناک ہوتی جا رہی اس جوڑی کو جسپریت بمراہ نے ایلگر کو آؤٹ کر کے ٹیم کی امیدوں کو زندہ کیا۔ ایلگر نے 156 گیندوں پر 77 رن میں 12 چوکے لگائے۔
اس کے بعد ڈی کاک نے ٹیمبا باؤما کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 31 رن کی شراکت داری کی لیکن محمد سراج نے ڈی کاک کو بولڈ کرکے اس شراکت داری کو توڑ دیا اور بھارت کو جیت کی جانب مزید ایک قدم آگے بڑھا دیا۔ ڈی کاک نے 28 گیندوں پر 21 رن میں دو چوکے لگائے۔
محمد شامی نے ویان مولڈر کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کر جنوبی افریقہ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ مولڈر نے ایک رن بنایا ان کی وکٹ 164 کے سکور پر گر گئی۔ اس کے بعد باؤما نے مارکو جانسن کے ساتھ لنچ تک ٹیم کے اسکور کو 182 تک پہنچا دیا۔ لنچ کے وقت باؤما 78 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 35 اور جانسن نے پانچ رن بنا کر کریز پر تھے ۔
لنچ کے بعد نو رنز جوڑ کرمیزبان ٹیم کی تین وکٹیں گر گئیں۔ محمد شامی نے جانسن کو پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جانسن نے 14 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 13 رن بنائے۔
بشکریہ بی سی سی آئی ٹویٹر اشون نے کَیگیسو ربادا اور لُنگی اینگِڈی کو مسلسل گیندوں میں صفر پر آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کی اننگ کو 191 رن پر سمیٹ دیا۔ باوُما 80 گیندوں پر 35 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلی اننگ میں شاندار سنچری بنانے والے بھارت کے سلامی بلے باز کے ایل راہل کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔