ممبئی:آسٹریلیا کے 142 رن کے ہدف کے تعاقب میں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی ہندستانی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 137 رن کی شراکت قائم کی۔ مندھانا نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رن کی اننگز کھیلی۔ ویرہم نے مندھانا کو میک گرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد جمائمہ روڈریگز بیٹنگ کے لیے آئیں اور 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ شیفالی ورما نے چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 64 رن بنائے۔ جمائمہ روڈریگز بھی چھ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔
ہندوستان نے 17.4 اووروں میں 145 رن بنا کر ٹی 20 سیریز کی پہلی جیت درج کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ جارجیا ویرہم نے حاصل کی۔اس سے قبل تیتاس سادھو کے 17 رن پر چار وکٹوں کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے آسٹریلیا کو 19.2 اوور میں 141 کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔
آج یہاں، ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور اوپنر ایلیسا ہیلی 8 اور بیتھ مونی 17 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد چھٹے اوور میں سادھو نے تالیا میک گرا کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا کر آسٹریلیا کو تیسرا جھٹکا دیا۔