رانچی:نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بھارتی ٹیم اتوار کو دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں کی گئی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کرے گی۔ سب سے پہلے بھارت کو اپنی فیلڈنگ میں مستعدی لانی ہوگی۔ کھلاڑیوں نے پہلے میچ میں غیر ضروری رنز دینے کے علاوہ ہینرک کلاسن اور ڈیوڈ ملر کے کیچ چھوڑے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 139 رنز کی شراکت قائم کی جس کی وجہ سے بھارت کو قریبی میچ میں نو رنز سے شکست ہوئی۔ India vs South Africa 2nd ODI
ٹیم انڈیا کے لیے 250 رنز کے ہدف کا تعاقب مشکل نہیں لیکن ضرورت سے زیادہ ڈاٹ گیندیں کھیلنے سے ٹیم کو نقصان پہنچا۔ سنجو سیمسن نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ہندوستان صرف دو بڑے شاٹس کم کھیلنے کی وجہ سے ہارا۔ اس میچ میں ہندوستانی شائقین کے لیے اچھی خبر یہ تھی کہ تیز گیند بازوں کے مقابلے میں کمزور سمجھے جانے والے شریس ایر اور ناقص شاٹس کھیلنے کے لیے معروف سیمسن نے امید کے برعکس اننگز کھیلی۔ ایر نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 37 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ سیمسن نے 63 گیندوں پر 86 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ یہ دونوں بلے باز اپنی غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی اہم کردار ادا کرنا چاہیں گے۔
ٹیم کے کپتان شکھر دھون بھی پہلے میچ کی کارکردگی کو بھول کر فارم میں واپس آنا چاہیں گے اور ان کا مقصد 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے تیار ہونا ہے۔ اس لیے یہ سیریز ان کے لیے اہم ہے۔ دیپک چاہر کے زخمی ہونے کے بعد یہ سیریز محمد سراج اور مکیش سنگھ کے لیے بھی معنی خیز ہو گئی ہے۔ جہاں سراج کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا جانے کا امکان ہے، وہیں مکیش اپنی پہلی سیریز میں سلیکٹرز کو متاثر کرنے کے لئے اپنا اثر چھوڑ سکتے
ہیں ۔