ناگپور: کپتان روہت شرما (ناٹ آؤٹ 46) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت بھارت نے جمعہ کو بارش سے متاثرہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا نے بھارت کے سامنے آٹھ اوور میں 91 رن کا ہدف رکھا تھا جسے روہت کی ٹیم نے 7.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ India Beat Australia in 2nd T20
جب لوکیش راہل (10)، وراٹ کوہلی (10)، سوریہ کمار یادیو (صفر) اور ہاردک پانڈیا (09) کوئی بڑی شراکت بنانے میں ناکام رہے تب روہت نے آگے بڑھ کر 20 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 46 رن بناکر کپتانی اننگز کھیلی۔ بھارت کو آخری اوور میں نو رن درکار تھے اور نئے آنے والے کھلاڑی دنیش کارتک نے چھکے کے بعد چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔
روہت شرما اور کے ایل راہل نے آسٹریلیا کے 90 رن کے جواب میں ہندوستان کو دھماکہ خیز آغاز فراہم کیا اور پہلے اوور میں 20 رن جوڑے۔ راہل کے آؤٹ ہونے سے پہلے دونوں نے 17 گیندوں میں 39 رن کی شراکت داری کی۔ ہندستان چار اوورز میں 51 رن کے ساتھ آرام سے تھا لیکن ایڈم زمپا نے پانچویں اوور میں وراٹ کوہلی اور سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
زمپا نے اپنے دو اوور میں 16 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں لیکن ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی اور ہندوستان نے چار گیندیں باقی رہتے میچ جیت لیا۔ یہ سال 2022 میں ہندوستان کی 20ویں ٹی 20 انٹرنیشنل جیت ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے 2021 میں 20 میچ جیت کر ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جیتنے کا پاکستان کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔