نئی دہلی: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن انجری کے باعث آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 سے باہر ہو گئے۔ شکیب 6 نومبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ کرنے پر نئے تنازع میں الجھ گئے تھے۔ لیکن اب وہ ورلڈ کپ 2023 سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں۔ شکیب الحسن سری لنکا کے خلاف میچ میں بیٹنگ کے دوران انگلی میں انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ اس کے بعد ان کی انگلی کا ایکسرے کیا گیا جس میں انگلی میں فریکچر پایا گیا۔ اب بنگلہ دیش نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 سے مکمل طور پر باہر ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کا اب اس ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ ہی باقی ہے۔ بنگلہ دیش کو اپنا آخری لیگ میچ 11 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا ہے۔ ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم شکیب کی کپتانی میں اب تک 8 میچ کھیل چکی ہے جس میں اسے صرف 2 میچ میں کامیابی ملی ہے جبکہ 6 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنگلہ دیش پوائنٹس ٹیبل میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔