حیدرآباد: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں نیدرلینڈ نے بنگلہ دیش کو 87 رنز سے شکست دے دی۔ 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 42.2 اوورز میں 142 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
کولکاتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز کی جیت کے ہیرو فاسٹ بولر پال وین میکرین تھے جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ باس ڈی لیڈے نے دو جبکہ آرین دت، کولن ایکرمین اور لوگن وان بیک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اگر دیکھا جائے تو بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز 35 رنز سے آگے نہ پہنچ سکا۔ مہدی حسن معراج نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے جبکہ مستفیض الرحمان اور محمود اللہ نے 20-20 رنز بنائے۔
رواں ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی چھ میچوں میں یہ پانچویں شکست تھی اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو چکا ہے۔ دوسری جانب ہالینڈ کی چھ میچوں میں یہ دوسری جیت تھی۔ پوائنٹس ٹیبل میں بنگلہ دیش اب نویں نمبر پر ہے جبکہ نیدرلینڈ آٹھویں نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے آئی نیدرلینڈ کی شروعات اچھی نہیں تھی اور اس نے چار رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد ویزلی بیریسی اور کولن ایکرمین نے مل کر اننگز کو سنبھالا۔ ایکرمین اور بیریسی کے درمیان 59 رنز کی شراکت ہوئی۔ بنگلہ دیش کے گیند بازوں نے ایک بار پھر شاندار واپسی کی اور مخالف ٹیم کا سکور پانچ وکٹوں پر 107 رنز تک کم کر دیا۔ یہاں سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز اور سائبرینڈ اینجل بریچٹ نے 78 رنز کی شراکت قائم کی اور نیدرلینڈ کو 229 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔