لاہور:کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ آئندہ ماہ 5 اکتوبر سے ہندوستان میں شروع ہو رہا ہے تاہم اس کی ٹرافی دنیا کے مختلف ممالک کے سفر پر گامزن ہے اور اب تین دن کے لیے پاکستان کی مہمان بنی ہے۔
گزشتہ روز یہ چمچاتی ٹرافی لاہور پہنچی تو نگراں وزیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے اس سے پردہ اٹھایا۔ ٹرافی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رکھا گیا ہے جہاں میڈیا اور شائقین ٹرافی کا آج دیدار کر سکیں گے جب کہ پی سی بی کے مطابق ورلڈ کپ کی ٹرافی کو تاریخی مقامات پر بھی لے جایا جائے گا۔
یاد رے کہ ورلڈ کپ ٹرافی کا سفر جون میں میزبان انڈیا سے شروع ہوا تھا جو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاپوا نیو گنی، امریکا، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، کویت، بحرین، اٹلی، فرانس اور انگلینڈ سے ہوتی ہوئی پاکستان پہنچی ہے۔