نئی دہلی: آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 بھارت کی میزبانی میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی اور آف اسپنر روی چندرن اشون ایسے کھلاڑی ہیں جو 2011 میں عالمی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ وراٹ اور اشون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو 2011 کا ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب 2023 میں ویراٹ کوہلی اپنا چوتھا اور روی چندرن اشون اپنا تیسرا ون ڈے ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔
وراٹ اور اشون کے ورلڈ کپ پرفارمنس پر ایک نظر
ویراٹ کوہلی عالمی کرکٹ کا ایک بڑا نام ہے۔ کوہلی کی شاندار بلے بازی کے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ممالک میں بھی مداح موجود ہیں۔ ویراٹ کوہلی موجودہ ٹیم کے واحد کھلاڑی ہیں جنھیں لگاتار 4 ونڈے ورلڈ کپ کھیلنے کا شرف حاصل ہوگا۔ ویراٹ کوہلی نے 2011، 2015 اور 2019 کے ورلڈ کپ میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اب بھارتی شائقین کوہلی سے 2023 کے ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں۔
ویراٹ کوہلی نے ون ڈے ورلڈ کپ کے 26 میچوں میں 1030 رنز بنائے ہیں۔اس دوران ان کی اوسط 46.81 اور اسٹرائیک ریٹ 86.70 کا ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کی ٹیم میں ویرات واحد بلے باز ہیں جنہوں نے سچن تندولکر، وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ، ظہیر خان اور یوراج سنگھ جیسے عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔ کوہلی کے پاس 2011 ورلڈ کپ کا تجربہ بھی ہے جو اب ٹیم انڈیا کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔