حیدرآباد: بھارت آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ روہت شرما کی زیرقیادت ٹیم نے چنئی میں پانچ بار کے چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا، پھر نئی دہلی میں افغانستان کو تو احمد آباد میں روایتی حریف پاکستان کو شکست دی۔ مسلسل تین جیت کے ساتھ بھارت پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت +1.821 رن ریٹ کے ساتھ 6 پوائنٹس لے کر سرفہرست ہے۔ کپتان روہت شرما نے بلے باز کے طور پر ان میں سے دو جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ روہت نے نئی دہلی کے کوٹلہ میں افغانستان کے خلاف 131 رنز بنائے تو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
لیجنڈری آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے روہت شرما کی کپتانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر رکھنے میں روہت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ پونٹنگ نے اپنے خیالات کا اشتراک کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو بتایا کہ روہت شرما بہت پرسکون طبیعت کے ہیں، آپ اسے ان کے کھیلنے کے انداز میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ وہ ایک بالکل مختلف قسم کے بلے باز بھی ہیں اور وہ میدان کے اندر اور باہر ایسے ہی ہیں۔ ہم پیچھے بیٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتے کہ روہت پر دباؤ کسی سطح پر حاوی نہیں ہوگا، یا ان پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کیونکہ بڑے ٹورنامنٹس میں دباؤ کا ہونا فطری بات ہے لیکن وہ اس سے بھی گزرے گا اور شاید اس کا سامنا بھی کرے گا۔